مسلح افواج وطن کے امن و تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور ان کا پختہ عزم ہے کہ وطن کے امن پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج بھرپور جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل طاقت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواج جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی صلاحیت سے لیس ہیں اور وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے پاک افغان سرحد پر جاری صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی بلا اشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا ’آپریشن غضب للحق‘ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز چن چن کر افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور موثر جوابی کارروائیوں میں اب تک 58 افغان خارجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔
آپریشن کے نتیجے میں افغان طالبان کی 12 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں اور 5 پوسٹوں پر پاکستانی فورسز نے قبضہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم نے افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر دفاعی حکمت عملی اور قومی دفاع کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔