تیجس طیارے کے دبئی حادثے کے بعد آرمینیا نے خریداری روک دی

Tejas Tejas

تیجس طیارے کے دبئی حادثے کے بعد آرمینیا نے خریداری روک دی

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
آرمینیا نے دبئی ایئر شو میں بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے تباہ ہونے کے بعد ان طیاروں کی مجوزہ خریداری معطل کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمینیا اور بھارت کے درمیان 1.2 بلین ڈالر مالیت کے 12 تیجس لڑاکا طیاروں کی خریداری کے حوالے سے بات چیت جاری تھی۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا تو یہ بھارتی تیجس جنگی طیارے کی تاریخ کی پہلی بڑی برآمدی ڈیل تصور کی جاتی۔

رپورٹس کے مطابق آرمینیا کی جانب سے خریداری معطل کیے جانے کے فیصلے سے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز (IAI) کو بھی بھاری مالی نقصان کا سامنا ہوگا، کیونکہ تیجس میں شامل جدید ترین آلات، خصوصاً اسرائیل میں تیار کردہ ریڈار سسٹمز اور ایویونکس، اس ڈیل کا اہم حصہ تھے۔ تخمینوں کے مطابق اسرائیلی کمپنی کو دسیوں ملین ڈالر کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

Advertisement

واضح رہے کہ دبئی میں 21 نومبر کو ہونے والے ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کا تیجس جنگی طیارہ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا تھا۔ اس حادثے کے بعد نہ صرف بھارتی دفاعی صنعت کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا بلکہ بین الاقوامی سطح پر تیجس کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔