فوج کو جوابی کارروائی کے مکمل اختیارات حاصل ہیں، نریندر مودی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں حالیہ دہشت گرد حملے کے جواب میں بھارتی افواج کو مکمل آپریشنل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج جوابی کارروائی کے لیے وقت، مقام اور طریقہ کار کا خود تعین کریں گی۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا، “ہمارا قومی عزم دہشت گردی کو کچلنا ہے۔ مسلح افواج کو مکمل اختیار ہے کہ وہ جوابی کارروائی کے لیے اپنے طریقے، اہداف اور وقت خود منتخب کریں۔” مودی نے بھارتی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب 22 اپریل کو بھارت کے شمالی علاقے پہلگام میں مسلح افراد نے سیاحوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 25 بھارتی شہریوں اور نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی ہلاکت ہوئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ کے تخریبی ونگ “ریزسٹنس فرنٹ” نے قبول کی ہے۔ اس حملے کے بعد بھارت نے اسلام آباد میں اپنے سفارتی عملے کی تعداد آدھی کر دی، پاکستانی سفارتی مشن کے فوجی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دیا، اور واہگہ-اٹاری بارڈر کراسنگ کو بند کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ آبی معاہدہ بھی معطل کر دیا اور پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے جاری کرنا بند کر دیے ہیں۔