ایشیاء کپ رائزنگ اسٹار: پاکستان بنگلادیش کو شکست دے کر چیمپئن بن گیا
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایشیاء کپ رائزنگ اسٹار کے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میچ کا فیصلہ آخری گیندوں تک لٹکا رہا، جبکہ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان شاہینز نے پہلے کھیلتے ہوئے بنگلادیش کو 126 رنز کا ہدف دیا، مگر بنگلادیشی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بنا سکی، یوں میچ برابر ہو گیا اور فیصلہ سپر اوور میں چلا گیا۔
سپر اوور میں بنگلادیش اے محض 7 رنز بنا سکا، جبکہ اس کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ گرین شرٹس نے ہدف صرف 4 گیندوں میں حاصل کر کے شاندار کامیابی اپنے نام کی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان شاہینز نے تیسری بار ایشیائی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر احمد دانیال کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ معاذ صداقت کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اختتامی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی فاتح کپتان کو پیش کی۔ فائنل میں پاکستان شاہینز کی اننگز 125 رنز پر محدود رہی، جس میں سعد مسعود 36، عرفات منہاس 25 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے ریپون منڈل نے 3 جبکہ راکب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ میں رہی اور صرف 53 رنز پر 7 کھلاڑی کھو بیٹھی۔ تاہم راکب الحسن (24)، عبدالغفار (16) اور ریپون منڈل (11) کی مزاحمت نے میچ کو دلچسپ بنا دیا اور مقابلہ ٹائی ہو گیا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2، 2 جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ آج کے میچ میں بنگلادیش اے کے کپتان اکبر علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستان شاہینز کی فائنل الیون میں عرفان خان نیازی (کپتان)، یاسر خان، معاذ صداقت، محمد فائق، غازی غوری، سعد مسعود، عرفات منہاس، شاہد عزیز، سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال شامل تھے۔