عاشق ہمدانی کے انتقال پر ایسوسی ایشن آف پاکستانی گریجویٹس فرام رشیا کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد (صداۓ روس)
ایسوسی ایشن آف پاکستانی گریجویٹس فرام رشیا اینڈ سی آئی ایس نے اپنے رکن اور قابلِ احترام ساتھی سید عاشق ہمدانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرحوم کی وفات تمام اراکین کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ تعزیتی پیغام میں کہا گیا ان کی شخصیت خلوص، گرمجوشی اور کمیونٹی سے وفاداری کا نمونہ تھی۔ وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہد حسن اور صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا اور تمام اراکین سے مرحوم کے لیے دعا کی درخواست کی گئی۔ پیغام کے اختتام پر کہا گیا ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سید عاشق ہمدانی کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے، ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین۔
واضح رہے کہ سید عاشق ہمدانی معروف صحافی اور ماسکو میں مقیم اشتیاق ہمدانی کے بڑے بھائی تھے، ان کی وفات پر صحافتی اور سماجی حلقوں کی جانب سے بھی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔