اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

آسٹریلیا کا اہم فیصلہ !کیا پاکستان میں کرکٹ کے نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے؟

لاہور (صداۓ روس)

کرکٹ آسٹریلیا نے 2025 کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جہاں آسٹریلوی ٹیم وائٹ بال سیریز کھیلے گی۔ اس اعلان کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کے میدان ایک بار پھر پاکستان میں سجنے جا رہے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ٹوڈ گرین برگ نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ دورہ بھی 2022 کی طرح کامیاب اور خوشگوار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز آسٹریلیا کے شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے، اور دونوں بورڈز کے درمیان ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کے حوالے سے مسلسل مثبت بات چیت جاری ہے۔

ٹوڈ گرین برگ نے 2022 کے تاریخی دورۂ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انتہائی خوشگوار تجربہ تھا۔ نہ صرف آسٹریلوی ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی بلکہ پاکستانی شائقین نے مہمان ٹیم کا پرجوش استقبال بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مثبت کرکٹ سرگرمیاں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرتی ہیں، اور ہمیں آئندہ بھی ایسے مواقع تلاش کرتے رہنا ہوں گے۔

گرین برگ نے بی بی ایل (بگ بیش لیگ) میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی دنیا بھر میں مقبول ہیں اور بی بی ایل میں ان کی موجودگی لیگ کی مقبولیت اور مسابقتی معیار میں اضافہ کرے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا اس حوالے سے مختلف پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے اور اُمید کی جا رہی ہے کہ اگلے ایڈیشن میں پاکستان کے کچھ نمایاں کھلاڑی بگ بیش میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے دروازے کھلے ہیں اور انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

یہ پیش رفت نہ صرف کرکٹ شائقین کے لیے ایک خوشخبری ہے بلکہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے تسلسل کو مزید تقویت دے گی

Share it :