خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

لودھراں میں عوام ایکسپریس کو حادثہ، ایک جاں بحق، 19 زخمی

Pakistan railway Accident

لودھراں میں عوام ایکسپریس کو حادثہ، ایک جاں بحق، 19 زخمی

اسلام آباد (صداۓ روس)
لودھراں میں ریلوے اسٹیشن کے قریب عوام ایکسپریس کو بڑا حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں کے مطابق عوام ایکسپریس کی 4 بوگیاں اچانک پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث مسافر پھنس گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک بوگی میں پھنسے 7 مسافروں کو شدید زخمی حالت میں نکالا گیا، جبکہ دیگر بوگیوں سے بھی زخمیوں کو ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور بوگیوں میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

عوام ایکسپریس پشاور سے کراچی جارہی تھی جب لودھراں کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد ریلوے حکام اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

شئیر کریں: ۔