ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد میں شہید سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس سے قبل آیت اللہ علی خامنہ ای، ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد اور تقریباً ڈیڑھ سال کی نواسی زہرا محمدی کے تابوتوں کو لاکھوں سوگواروں کے جلوس میں روضے تک پہنچایا گیا۔
شہید سپریم لیڈر کو آخری الوداع کہنے کے لیے مشہد کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، بچے، بڑے، بوڑھے، جوان اور خواتین سب نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس کے شرکاء نے ایرانی پرچم، تصاویر اور انتقام کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی آج نجف سے ایران کے شہر مشہد پہنچایا گیا، ایرانی فضائیہ کے طیاروں نے جسدِ خاکی لانے والے طیارے کو حصار میں لے کر مشہد ایئرپورٹ پہنچایا۔ اس سے پہلے آیت اللہ خامنہ ای کی میت کو کربلا میں امام حسین اور حضرت عباس کے روضوں پر لے جایا گیا اور نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔
گورنر آفس کے مطابق جلوسِ جنازہ میں 70 لاکھ سے زائد سوگواروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو تہران پر امریکی اور اسرائیلی میزائل حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔