ایران کے میزائل حملے، بحرین، کویت اور ابوظہبی میں دھماکے، خطے میں ہائی الرٹ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران اور اسرائیل و امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران خلیجی خطے میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جہاں ایران کی جانب سے مبینہ میزائل حملوں کے بعد بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بحرینی حکام کے مطابق امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ (پانچویں بیڑے) کے ہیڈکوارٹر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ یہ اڈہ خلیج میں امریکی بحری سرگرمیوں کا مرکزی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ابوظہبی میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد سکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ خطرے کے سائرن بجا کر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ تازہ پیش رفت نے پورے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے پھیلنے کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ علاقائی ممالک نے سکیورٹی اقدامات سخت کرتے ہوئے ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔