اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

بنگلہ دیش، سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو چھ ماہ قید کی سزا

Sheikh Hasina

بنگلہ دیش، سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو چھ ماہ قید کی سزا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو عدالت کی توہین کے ایک مقدمے میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ڈھاکہ میں قائم انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل (آئی سی ٹی) نے سنایا، جیسا کہ ڈھاکہ ٹریبیون نے بدھ کو رپورٹ کیا۔ مقدمے کے مطابق، شیخ حسینہ پر الزام ہے کہ ایک فون کال کے دوران انہوں نے مبینہ طور پر کہا کہ “انہیں ۲۲۷ افراد کو مارنے کا لائسنس حاصل ہے”، کیونکہ ان کے خلاف اتنے ہی مقدمات درج ہیں۔ اسی بنیاد پر استغاثہ نے عدالت سے توہین کا مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی تھی۔ شیخ حسینہ کو یہ سزا ان کی غیر موجودگی میں سنائی گئی کیونکہ وہ ۲۰۲۴ کے فوجی بغاوت کے بعد بنگلہ دیش سے ہندستان منتقل ہو چکی ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت نے رواں سال بھارت کو سفارتی مراسلہ بھیجا تھا تاکہ حسینہ کو واپس لایا جا سکے، تاہم بھارت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا گیا۔

یہ سزا شیخ حسینہ کو جلاوطنی کے بعد پہلی بار سنائی گئی ہے۔ اس سے قبل جون ۲۰۲۵ میں آئی سی ٹی نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم میں بھی فردِ جرم عائد کی تھی، جس کا تعلق ۲۰۲۴ میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں پر کریک ڈاؤن سے تھا۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ان مظاہروں میں ۱۵ جولائی سے ۵ اگست کے درمیان ۱۴۰۰ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ عدالت کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام کے مطابق شیخ حسینہ نے ان مظاہروں کے خلاف ایک “منظم حملے” کی قیادت کی۔ شیخ حسینہ نے ۵ اگست ۲۰۲۴ کو وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دیا تھا اور ان الزامات سے انکار کیا ہے۔ ان کے وکیل امیر حسین کے مطابق وہ الزامات سے بری ہونے کے لیے عدالت میں دلائل پیش کریں گی۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت، جس کی قیادت نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کر رہے ہیں، نے مئی ۲۰۲۵ میں حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا، یہ فیصلہ “قومی سلامتی اور خودمختاری” کے تحفظ کے تحت کیا گیا تھا۔

Share it :