لاہور ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں بسنت پر پابندی عائد

Basant Basant

لاہور ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں بسنت پر پابندی عائد

اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور میں بسنت کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر پتنگ بازی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے کے بلاک پی، کیو، آر اور ایس، نشاط کالونی، علی ویو گارڈن، علی پارک، نادرا آباد، بھٹہ چوک، جوڑے پل، تاج باغ، کینال بینک سمیت 15 سے زائد علاقوں میں بسنت کے دوران پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی جائے گی، اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے طیاروں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے درمیان گزشتہ ماہ سے جاری مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے لیے شہر بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور شہریوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

Advertisement