لاہور میں بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز، شہر بھر میں پتنگ بازی اور جشن کا سماں

Basant Basant

لاہور میں بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز، شہر بھر میں پتنگ بازی اور جشن کا سماں

لاہور (صداۓ روس)
لاہور میں طویل عرصے بعد بسنت فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی شہر کی فضا رنگوں، ڈھول کی تھاپ اور پتنگوں سے بھر گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چھتوں پر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ “بو کاٹا” کی صدائیں گونج رہی ہیں اور شہری جشن کے موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے رات بارہ بجے پتنگ اڑا کر کیا۔ اس موقع پر لاہور کے آسمان پر ستاروں کی جگہ رنگ برنگی پتنگیں دکھائی دینے لگیں جبکہ روشن چھتوں پر نوجوانوں اور پتنگ بازوں کا رش دیکھنے میں آیا۔ بسنت کے جشن میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ خواتین نے ہاتھوں پر مہندی رچائی، رنگا رنگ لباس زیب تن کیے اور خصوصی پکوان تیار کر کے بسنت کا استقبال کیا، جس سے تہوار کی رونق مزید بڑھ گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے آغاز پر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں شہریوں کو پتنگ بازی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں لاہور کے مختلف علاقوں کی جھلکیاں بھی شامل ہیں، جہاں لوگ خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کر رہے ہیں۔ بسنت کے باقاعدہ آغاز سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی، ان کے خیالات سنے اور ایک مقام پر بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ وزیراعلیٰ کے اس دورے کو شہریوں نے مثبت انداز میں لیا۔ لاہور میں بسنت فیسٹیول کے آغاز کے ساتھ ہی شہر ایک بار پھر ثقافتی رنگوں میں ڈھل گیا ہے، تاہم شہریوں کی جانب سے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل بھی کی جا رہی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Advertisement