بی بی سی ‘100 فیصد جعلی خبریں پھیلاتا ہے, وائٹ ہاؤس

Karoline Leavitt Karoline Leavitt

بی بی سی ‘100 فیصد جعلی خبریں پھیلاتا ہے, وائٹ ہاؤس

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
وائٹ ہاؤس نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پر 2021 میں امریکی کیپٹل ہنگاموں کے حوالے سے “مکمل طور پر جعلی خبریں” پھیلانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے الزام لگایا کہ بی بی سی نے ٹرمپ کی تقریر کے حصوں کو “جان بوجھ کر جوڑ توڑ” کے ذریعے غلط انداز میں پیش کیا اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بی بی سی کے پروگرام Panorama میں ٹرمپ کی تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر ایسا تاثر دیا گیا کہ صدر نے اپنے حمایتی مظاہرین کو کیپٹل کی طرف مارچ کرنے اور ’لڑنے‘ پر اکسانے کے لیے ایک ہی وقت میں یہ جملے کہے تھے۔ برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کے مطابق، بی بی سی نے تقریر کے وہ حصے جو تقریباً 54 منٹ کے وقفے سے کیے گئے تھے، ایک ساتھ ملا کر پیش کیے۔ مزید برآں، فوٹیج میں دکھائے گئے وہ مظاہرین جو کیپٹل کی جانب بڑھتے دکھائے گئے، حقیقت میں ٹرمپ کی تقریر شروع ہونے سے پہلے ہی وہاں موجود تھے۔

کیرولین لیوٹ نے دی ٹیلیگراف سے گفتگو میں کہا بی بی سی نے ٹرمپ کی تقریر کو منتخب شدہ اور ترمیم شدہ حصوں کے ذریعے پیش کیا۔ یہ 100 فیصد جعلی خبریں ہیں اور برطانیہ کے عظیم عوام کو ان پر اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ اس واقعے نے عالمی میڈیا میں بی بی سی کی ساکھ، غیرجانبداری اور امریکی سیاست میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

Advertisement