بیلاروس نے یوکرین سرحد پر نئی حملہ آور بریگیڈ قائم کر دی
ماسکو(صداۓ روس)
بیلاروس نے یوکرین سے متصل سرحدی علاقے گومیل میں ایک نئی فضائی حملہ آور بریگیڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ملکی فوج کے خصوصی آپریشنز فورسز (ایس او ایف) کے تحت تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اس بات کا اعلان ایس او ایف کے کمانڈر میجر جنرل وادیم دینی سینکو نے کیا انہوں نے بتایا کہ “فی الحال ایک اینٹی ایئرکرافٹ میزائل رجمنٹ ایس او ایف کا حصہ بن چکی ہے، اور اس کی انضمامی کارروائی آخری مراحل میں ہے۔ اسی سال راکٹ آرٹلری رجمنٹ بھی قائم کی جائے گی، جس کی تیاری 70 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ ساتھ ہی علیحدہ کمانڈ اور کنٹرول بریگیڈ کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔” میجر جنرل وادیم نے جنوبی بیلاروسی علاقے کو “سب سے زیادہ تناؤ کا شکار اور غیر متوقع” قرار دیتے ہوئے وہاں فوجی موجودگی بڑھانے کی حکمت عملی پر زور دیا۔ ان کے مطابق، اس مقصد کے تحت “ایک علیحدہ فضائی حملہ آور بریگیڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی تشکیل کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ایک بٹالین پہلے ہی تیار کر لی گئی ہے۔”
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ یہ نئی فورس “37 ویں علیحدہ فضائی حملہ آور گارڈز بریگیڈ” کے نام سے گومیل کے خطے میں تعینات کی جائے گی۔ بیلاروس کی یہ فوجی سرگرمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین کی سرحد سے متصل خطہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اقدام بیلاروس کی دفاعی حکمت عملی میں اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔