بیلجیم نے یوکرین کو اضافی ایف-16 طیارے دینے کا اعلان کر دیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
غیر ملکی دفاعی جریدے ڈیفنس ایکسپریس کے مطابق، یوکرین کو بیلجیم کی جانب سے مزید ایف-16 جنگی طیارے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ان طیاروں کے متبادل کے طور پر بیلجیم میں جدید ترین پانچویں نسل کے ایف-35 لڑاکا طیاروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بیلجیم نے اپنے فضائی بیڑے کی جدید کاری کے منصوبے کے تحت پرانے ایف-16 طیاروں کو بتدریج ایف-35 سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور پرانے مگر مکمل فعال ایف-16 طیارے یوکرین کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ وہ روس کے خلاف جاری جنگ میں اپنی فضائی صلاحیت کو بہتر بنا سکے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیلجیم کی جانب سے یہ اقدام نیٹو ممالک کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت یوکرین کو مغربی ساختہ جدید ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ادھر روسی حکام نے مغربی ممالک کی اس پالیسی کو “براہِ راست جنگی مداخلت” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کو جدید طیاروں کی فراہمی خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ کرے گی۔