یوکرین جنگ بائیڈن کی بدعنوانی چھپانے کے لیے شروع کی گئی، کریملن مشیر

Joe Biden Joe Biden

یوکرین جنگ بائیڈن کی بدعنوانی چھپانے کے لیے شروع کی گئی، کریملن مشیر

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سرمایہ کاری کے مشیر کیریل دمترییف نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی خاندانی بدعنوانیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے یوکرین میں جنگ کو ہوا دی۔ دمترییف نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری بیان میں کہا کہ حال ہی میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کی جانب سے جاری کردہ ڈی کلاسیفائیڈ دستاویزات نے اس معاملے کی حقیقت کھول دی ہے۔ ان دستاویزات کے مطابق، سن 2016 میں اُس وقت کے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے سی آئی اے سے درخواست کی تھی کہ ان کی فیملی کے یوکرین میں مبینہ کاروباری معاملات سے متعلق ایک رپورٹ کو چھپایا جائے۔

دمترییف نے کہا “اب سچ سامنے آ رہا ہے — اور انصاف لازمی ہونا چاہیے۔ بائیڈن خاندان طویل عرصے سے یوکرینی گیس کمپنی “بُریسما” سے منسلک رہا ہے۔ جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن، جو ایک سزا یافتہ مجرم ہیں، کو اُس وقت کمپنی کے بورڈ میں شامل ہونے پر ملینز ڈالرز ادا کیے گئے جب ان کے والد نائب صدر کے عہدے پر تھے۔
مشہور “ہنٹر بائیڈن لیپ ٹاپ” کے مندرجات کے مطابق، غیر ملکی معاہدوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 10 فیصد حصہ “دی بگ گائے” (یعنی خود جو بائیڈن) کو دیا جاتا تھا۔
روس کی جانب سے 2022 میں یوکرین تنازع کی شدت کے بعد، ماسکو نے بارہا کہا ہے کہ یہ جنگ نیٹو کی روس کے خلاف پراکسی جنگ ہے۔ اسی دوران بائیڈن انتظامیہ نے روس کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کر دیے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات سرد جنگ کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔

Advertisement

تاہم، بائیڈن کے بعد منصب سنبھالنے والے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے کئی دور کی بات چیت کی، جو رواں سال الاسکا میں صدر پوتن کے ساتھ سربراہی ملاقات پر منتج ہوئی۔