اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

جاپانی ایئرپورٹ پر کالا ریچھ آگیا، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

Black bear

جاپانی ایئرپورٹ پر کالا ریچھ آگیا، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان کے شمالی علاقے میں واقع یاماگاتا ایئرپورٹ پر ایک کالا ریچھ عملے کے لیے دردِ سر بن گیا ہے، جو مسلسل رَن وے پر آ جا رہا ہے اور اب تک اسے وہاں سے ہٹانے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔ ریچھ کی موجودگی کے باعث ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو چکا ہے اور اب تک 12 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق ریچھ پہلی بار جمعرات کی علی الصبح رَن وے پر دیکھا گیا، جس کے فوراً بعد ہوائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔ دوپہر سے کچھ ہی پہلے ریچھ دوبارہ رَن وے پر نمودار ہوا، جس پر ایک بار پھر ایئرپورٹ بند کر دیا گیا۔ فوٹیج میں دکھایا گیا کہ ایئرپورٹ کا ایک عملے کی گاڑی، جو نیلی بتیاں جلا کر ریچھ کو بھگانے کی کوشش کر رہی تھی، رَن وے پر گشت کر رہی ہے۔ ریچھ بھاگ تو گیا مگر اب بھی ایئرپورٹ کے حدود میں کہیں موجود ہے۔

یاماگاتا ایئرپورٹ کے ایک اعلیٰ اہلکار آکیرا ناگائی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: اس صورتحال میں ہم پروازوں کو بحال نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ دوپہر کے بعد کی بندش کے باعث 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ ریچھ کو پکڑنے کے لیے شکاریوں کو بلایا گیا ہے جنہوں نے پھندہ لگا دیا ہے جبکہ پولیس اہلکار ایئرپورٹ کے اردگرد تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ ریچھ باہر نہ نکل سکے۔ ناگائی کا کہنا ہے: فی الحال یہ ایک جمود کی کیفیت ہے۔ ایئرپورٹ حکام نے اعلان کیا ہے کہ رَن وے شام تک بند رکھا جائے گا۔ جاپان میں حالیہ برسوں میں انسانوں اور ریچھوں کے درمیان تصادم کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اپریل 2024 تک کے 12 ماہ میں 219 افراد پر ریچھوں نے حملہ کیا جن میں 6 ہلاک ہوئے۔ ماہِ گزشتہ جاپان کے وسطی علاقے میں ایک گالف ٹورنامنٹ اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب قریبی علاقے میں ریچھ کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث جنگلی خوراک میں کمی، ہائبرنیشن کے نظام میں خلل، اور انسانی آبادی میں کمی کے نتیجے میں ریچھ شہری علاقوں کا رخ زیادہ کر رہے ہیں۔

Share it :