ماسکو میں دھماکہ، ایک پولیس افسر ہلاک، دو زخمی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی دارالحکومت میں واقع Savyolovsky railway station کے قریب دھماکے میں ایک پولیس افسر ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق واقعہ منگل کی رات تقریباً 12:05 بجے پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص پولیس کی گشتی گاڑی کے قریب پہنچا اور اسی دوران دھماکہ ہوگیا۔ روسی وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس پریس سروس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ حملہ آور بھی دھماکے میں موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تحقیقاتی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے۔ حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ دو ماہ قبل جنوبی ماسکو میں پیش آنے والے ایک ملتے جلتے حملے کی یاد دلاتا ہے، جب 24 دسمبر کو 24 سالہ Pavel Golubenko نے مبینہ طور پر پولیس گاڑی کے نیچے دیسی ساختہ بم نصب کرنے کی کوشش کی تھی، جو گرفتاری کی کوشش کے دوران پھٹ گیا تھا اور اس میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔