ملک کے بالائی علاقوں میں خون جماتی سردی، نظامِ زندگی متاثر
اسلام آباد (صداۓ روس)
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد شدید سردی کی لہر نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ بلوچستان کے بالائی اضلاع چمن، قلعہ عبداللّٰہ اور زیارت سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں سخت سرد موسم کے باعث روزمرہ سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں جبکہ متعدد مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق استور میں شدید برف باری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں، جس کے سبب شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب سوات کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد بند ہونے والی سڑکوں کو کھولنے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے بحالی کا کام جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ مزید بارش اور برف باری سے صورتحال مزید مشکل ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔