امریکہ کی تجارتی پابندیاں، مؤثر جواب تیار،برازیل کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برازیل کے صدر لوئیز اِناسیو لولا دا سلوا نے کہا ہے کہ ان کی حکومت امریکہ کی جانب سے برازیلی مصنوعات پر لگائے گئے 50 فیصد ٹیکس کا مؤثر جواب تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر واشنگٹن نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو برازیل جوابی محصولات عائد کرے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں صدر لولا نے کہا ہم ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہے ہیں، لیکن اب ہم امریکی اقدامات کے جواب کے طور پر اپنی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔
صدر برازیل نے مزید کہا کہ صرف برازیلی شہریوں اور اداروں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ملک کی سمت کا تعین کریں، چاہے وہ امریکہ کے ساتھ تعلقات ہوں یا کوئی اور معاملہ۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم اگست سے برازیلی مصنوعات پر 50 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے امریکہ کے تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔ لولا دا سلوا نے امید ظاہر کی ہے کہ برازیلی وفد مذاکرات کے ذریعے ان محصولات میں کمی یا نظرثانی کروا سکے گا، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو برازیل بھی امریکہ کے خلاف ویسا ہی سخت مؤقف اختیار کرے گا۔