برطانیہ کا روس سے مقابلے کے لیے بارہ ایٹمی آبدوزیں بنانے کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس سے مقابلے کے لیے بارہ ایٹمی حملہ آور آبدوزیں تیار کرے گی۔ یہ آبدوزیں جدید نیوکلیائی توانائی سے چلیں گی اور روایتی ہتھیاروں سے لیس ہوں گی۔ ان کی تیاری آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ پر مشتمل فوجی اتحاد کے تحت ہوگی۔ برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ برطانیہ کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، اور ان آبدوزوں کی مدد سے ملک اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ منصوبہ باضابطہ طور پر وزیر اعظم کیئر اسٹارمر دو جون کو ایک دفاعی جائزہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پر پیش کریں گے، جس میں ملکی سلامتی کے لیے باسٹھ تجاویز شامل ہیں۔ ان میں فوجی ساز و سامان میں اضافہ، گولہ بارود کے ذخائر میں وسعت، ایک نیا سائبر کمانڈ قائم کرنا، اور فوجی اہلکاروں کی فلاح و بہبود جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔
روس نے اس اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے لیے کوئی خطرہ نہیں رکھتا، اور برطانوی حکام دفاعی اخراجات میں اضافے کا جواز پیدا کرنے کے لیے روسی خطرے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ روسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ لندن حکومت ملکی معاشی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔