بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کا بہیمانہ قتل، ویڈیو وائرل
کوئٹہ (صداۓ روس)
بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون اور مرد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں مسلح افراد کو ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس ہولناک ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیرِاعلیٰ نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق یہ ویڈیو کسی نامعلوم مقام پر بنائی گئی ہے اور اس وقت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسی بربریت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو ہر حال میں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔