ایران سے ملک بدر افغانوں کی بس ہرات میں حادثے کا شکار، 76 افراد جاں بحق
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
افغانستان کے صوبے ہرات میں ایک خوفناک بس حادثے نے درجنوں خاندانوں کو صفِ ماتم میں بٹھا دیا۔ ایران سے حال ہی میں ملک بدر کیے گئے افغان شہریوں کو لے جانے والی بس منگل کے روز ہائی وے پر حادثے کا شکار ہو کر شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 76 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گورنر کے ترجمان مفتی محمد یوسف سعیدی نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حادثہ ہرات شہر کے قریب اس وقت پیش آیا جب بس اسلام قلعہ سے روانہ ہو کر کابل کی جانب جا رہی تھی۔ اسلام قلعہ افغانستان اور ایران کی سرحد کے نزدیک واقع ایک اہم قصبہ ہے جہاں سے بڑی تعداد میں شہری ایران سے وطن واپس لوٹتے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بس دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ چند ہی لمحوں میں پورا ڈھانچہ شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ جائے حادثہ سے موصولہ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکی ہے جبکہ فضا میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔ تصاویر میں مقامی لوگ اور امدادی کارکن جلی ہوئی بس کے گرد جمع نظر آتے ہیں۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں تاہم آگ کی شدت کے باعث بیشتر مسافروں کو بچایا نہ جا سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ان افغان شہریوں کے لیے ایک اور کڑا امتحان ہے جو ایران سے ملک بدر ہونے کے بعد اپنے وطن میں نئے سرے سے زندگی شروع کرنے کی امید لیے واپس آ رہے تھے۔