صدر پوتن کی مہم کامیاب، سائبیریا کا شیر معدومی کے خطرے سے باہر
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سرپرستی میں 2013 میں قائم ہونے والے آمور ٹائیگر سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ روس میں سائبیریا کے نایاب شیروں (آمور ٹائیگر) کی آبادی اب معدومی کے خطرے سے باہر نکل چکی ہے۔ ادارے کے سربراہ کونسٹنٹین چوئچینکو کے مطابق، گزشتہ 13 برسوں میں روس کے مشرق بعید میں ان بڑے شیروں کی تعداد تقریباً 430 سے بڑھ کر 750 تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے ماسکو میں “لینڈ آف بگ کیٹس” نمائش کے دوران میڈیا کو بتایا کہ قومی ٹائیگر تحفظ حکمت عملی کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام کو ترغیب دی کہ وہ روس کے مشرق بعید کے جنگلات کا دورہ کریں اور ان شیروں کو ان کے قدرتی مسکن میں دیکھیں۔ آمور ٹائیگر دنیا کی سب سے بڑی بلی کی نسل ہے، جو سرد اور برفیلے موسم میں جینے کے لیے فطری طور پر ڈھلی ہوئی ہے۔ اگرچہ روس میں اس کی تعداد بڑھ گئی ہے، لیکن انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے مطابق یہ نسل اب بھی عالمی سطح پر “خطرے سے دوچار” کے درجے میں ہے، اور اسے محفوظ قرار دینے کے لیے مزید بین الاقوامی جائزے کی ضرورت ہے۔ روسی جنگلات میں 750 سے زائد آمور شیروں کو محفوظ علاقوں میں رکھا گیا ہے، جبکہ سینکڑوں مزید دنیا بھر کے چڑیا گھروں اور وائلڈ لائف پارکس میں موجود ہیں۔