شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ لاپتہ

Plane Plane

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے تصدیق کی ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والا ایک نجی کارگو طیارہ لاپتہ ہو گیا ہے۔ طیارے کا ریڈار سے آخری رابطہ کراچی سے تقریباً 155 میل مغرب میں اورماڑہ کے قریب سمندر پر ہوا۔ طیارے نے شام 7 بج کر 12 منٹ پر پرواز کی تھی اور کراچی میں رات 9 بج کر 20 منٹ پر لینڈ کرنا تھا۔ لاپتہ ہونے کے وقت طیارہ 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئریا کنٹرول سینٹر پہنچ گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 5 افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ، فرسٹ آفیسر، فلائٹ انجینئر اور 2 ایئر کرافٹ انجینئرز شامل تھے۔ طیارے میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی سوار تھے۔

طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400، رجسٹریشن AP-BOI، ضروری مرمت کے لیے شارجہ گیا تھا۔ رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی، جس پر طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی دوران طیارے کو دائیں جانب مڑتے اور تیزی سے بلندی کھوتے دیکھا گیا، اور طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔