کیٹ فلو’ سے عالمی وبا کا خطرہ: روسی سائنسدانوں کا انتباہ
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے گامالیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ اور کووڈ ویکسین اسپٹنک وی کے خالق، الیگزینڈر گِنسبرگ نے خبردار کیا ہے کہ ایچ فائیو این ون قسم کا برڈ فلو اب بلیوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور انسانوں میں منتقل ہو کر ایک مہلک عالمی وبا کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس خطرے کی شدت اتنی ہے کہ فوری طور پر ویکسین کی تیاری شروع کی جانی چاہیے۔
اخبار ازویستیا سے بات کرتے ہوئے گِنسبرگ نے کہا اس ویکسین کے ابتدائی نمونے کو کم از کم فیز ون اور فیز ٹوو کے کلینیکل ٹرائلز سے گزارنا چاہیے، کیونکہ یہ وائرس جلد ہی جانوروں کے درمیان ہی نہیں بلکہ انسانوں سے انسانوں تک بھی پھیلنا شروع کر سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ وائرس ہوا کے ذریعے پھیلنے لگا تو اس کی ہلاکت خیزی چیچک سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے: اس کی اموات کی شرح 50 سے 70 فیصد تک ہے۔ اگر یہ ہوا کے ذریعے منتقل ہونے لگا تو چیچک معمولی بیماری لگے گی۔ گِنسبرگ نے زور دیا کہ روس کو فوری طور پر ایسی ویکسین کی تیاری کی صلاحیت حاصل کرنی چاہیے جو تین سے چار ہفتوں میں بڑے پیمانے پر تیار ہو سکے۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ فی الحال ایسا کوئی پروگرام موجود نہیں۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ کے سائنسدانوں نے مئی کے آغاز میں اپنی ایک تحقیق میں بتایا کہ گذشتہ دو دہائیوں کے دوران گھریلو بلیوں میں برڈ فلو کے 600 سے زائد کیس سامنے آئے، جن میں 50 فیصد سے زیادہ اموات ہوئیں۔ محققین نے کہا گھریلو بلیاں ایچ فائیو این ون وائرس کی منتقلی کا ذریعہ بن سکتی ہیں، جو قریبی انسانوں کے لیے خطرے کا سبب بن سکتا ہے۔
بلیاں عموماً یہ وائرس متاثرہ پرندے کھا کر، آلودہ گوشت یا غیر اُبالا دودھ استعمال کر کے حاصل کرتی ہیں، لیکن تحقیق میں ایسے کیس بھی سامنے آئے جہاں بلیاں گھریلو تھیں اور کسی واضح ذریعہ کے بغیر متاثر ہوئیں۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق 2003 سے اب تک 24 ممالک میں ایچ فائیو این ون کے 974 انسانی کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 470 ہلاکتیں ہوئیں۔ زیادہ تر کیس متاثرہ مرغیوں کے براہ راست یا بالواسطہ رابطے سے ہوئے۔ اگرچہ یہ وائرس ابھی انسانوں میں مسلسل منتقلی کے قابل نہیں ہوا، تاہم اس کی نگرانی جاری ہے۔ امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے کہا ہے کہ اس وقت عام عوام کے لیے خطرہ کم ہے، مگر مستقبل میں صورتحال مختلف ہو سکتی ہے۔