چین کی وینزویلا میں امریکی کارروائی پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی حمایت
ماسکو (انٹرنیشنل)
بیجنگ کا لاطینی امریکا کو امن کا خطہ قرار دینے اور طاقت کے استعمال کی مخالفت پر زور. چین نے وینزویلا میں امریکا کی جانب سے کی گئی کارروائی پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی حمایت کر دی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے کہا ہے کہ بیجنگ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے تاکہ وینزویلا کے خلاف امریکا کے فوجی حملوں پر غور کیا جا سکے۔ بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران لِن جیان کا کہنا تھا کہ چین سمجھتا ہے کہ سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اس معاملے پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔ چینی ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا اور کیوبا کو دی گئی وارننگز پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین لاطینی امریکا اور کیریبین کے خطے کو امن کا زون قرار دینے کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور خطے کے ممالک کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔
لِن جیان نے مزید کہا کہ تمام ممالک کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ تعاون کے لیے اپنے شراکت داروں کا خود انتخاب کریں، جبکہ کسی بھی بیرونی طاقت کو کسی بھی بہانے سے دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔