چین کا گوادر بندرگاہ پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے گوادر بندرگاہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 3 فروری کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین گوادر بندرگاہ پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس واقعے میں زخمی ہونے والوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ چینی ترجمان نے واضح کیا کہ چین دہشت گردی کی ہر شکل کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ لین جیان کے مطابق چین پاکستان میں سماجی اتحاد، امن و امان اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔