انٹرنیشنل ڈیسک (صدائے روس)
چینی سینما کا سب سے اعلیٰ اعزاز — “ہوابیاو فلم ایوارڈز” — اپنی 20ویں تقریب کے ساتھ ایک شاندار انداز میں صوبہ شان دونگ کے شہر چھنگ داو میں منعقد ہوا۔ یہ ایوارڈز چین کی فلم انڈسٹری میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والی فلموں، فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے دیے جاتے ہیں، اور اس سال کی تقریب میں کئی یادگار فلمیں اور نمایاں شخصیات کو سراہا گیا۔
تقریب میں ‘آرٹیکل 20’ سمیت مجموعی طور پر 10 فلموں کو “شاندار فیچر فلم” کے زمرے میں منتخب کیا گیا۔ یہ فلمیں نہ صرف ناظرین کے دل جیتنے میں کامیاب رہیں بلکہ فلمی نقادوں کی بھی توجہ کا مرکز بنیں۔ دیہی زندگی اور اس سے جڑی حقیقتوں کو اجاگر کرنے والی فلم ‘بیانڈ دی کلاوڈز’ کو آؤٹ اسٹینڈنگ رورل تھیم فلم ایوارڈ سے نوازا گیا، جس نے چینی دیہات کی خوبصورتی، مسائل اور سماجی کہانیوں کو بہترین انداز میں پردہ اسکرین پر پیش کیا۔ اے سنو لیپرڈ’ نے آؤٹ اسٹینڈنگ مائنارٹی تھیم فلم ایوارڈ حاصل کیا. ثقافتی تنوع اور اقلیتوں کی زندگیوں پر مبنی فلم ‘اے سنو لیپرڈ’ کو آؤٹ اسٹینڈنگ مائنارٹی تھیم فلم قرار دیا گیا۔ یہ فلم اقلیتی برادریوں کی نمائندگی اور مسائل کو نہایت باریکی سے اجاگر کرتی ہے۔
2025 کے اسپرنگ فیسٹیول کے بعد، فلم ‘نیژہ 2’ نے مقامی و عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابیاں سمیٹیں۔ اس کارکردگی کے اعتراف میں قومی فلم بیورو کی جانب سے ‘اسپیشل کنٹری بیوشن فلم’ کا اعزازی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ یہ اعزاز اُن فلموں کو دیا جاتا ہے جو نہ صرف کمرشل سطح پر کامیاب ہوں بلکہ ثقافتی اثرات بھی مرتب کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سنٹرل کمیٹی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ہیڈ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر، شین ہائی شیونگ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے 10 بہترین فلموں کے ساتھ ساتھ ‘نیژہ 2’ کو بھی ایوارڈ سے نوازا۔ ہوابیاو ایوارڈز کا انتخاب قومی فلم بیورو کرتا ہے، اور یہ ایوارڈز چینی سینما کی فکری، سماجی اور ثقافتی جہات کو تقویت دینے کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔ چینی فلم انڈسٹری عالمی سطح پر اپنی جگہ مضبوط کر رہی ہے، اور ہوابیاو جیسے ایوارڈز نہ صرف معیاری فلم سازی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں چینی سنیما کے وقار میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔