چینی جدید لڑاکا طیارہ: J‑10 ویگو رس ڈریگن
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین کا تیار کردہ جدید لڑاکا طیارہ “جے ۱۰” جدید ٹیکنالوجی، طاقتور انجن اور اعلیٰ پرواز صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ اس طیارے کو چین کی فضائیہ میں “ویگورس ڈریگن” (مضبوط اژدہا) کے لقب سے جانا جاتا ہے۔ “جے ۱۰” ایک انجن والا چوتھی نسل کا لڑاکا طیارہ ہے جو نہ صرف دشمن کے ہوائی حملوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ زمین پر ہدف کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنا سکتا ہے۔
اس طیارے کی خاص بات اس کی جدید ترین ڈیزائننگ ہے جس میں ڈیلٹا وِنگ اور اگلے کنارے پر کیناڈ طرز کے چھوٹے پروں کا استعمال کیا گیا ہے، جو اسے تیزی سے موڑ کاٹنے اور فضائی دائرے میں گھومنے کی زبردست صلاحیت دیتے ہیں۔ اس میں جدید ریڈار نظام، ڈیجیٹل کنٹرول، اور مختلف نوعیت کے میزائل و بم لے جانے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
پاکستان چین سے یہ طیارہ حاصل کرنے والا پہلا ملک ہے، جہاں اسے “جے ۱۰ سی” کے نام سے متعارف کروایا گیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ طیارہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق مصر، ایران اور بنگلہ دیش جیسے ممالک بھی اس طیارے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
جے ۱۰ کو چین کی دفاعی خود انحصاری کا مظہر سمجھا جا رہا ہے، جو امریکی اور یورپی ساختہ مہنگے طیاروں کے مقابلے میں سستا، مؤثر اور قابل بھروسا متبادل فراہم کرتا ہے۔ یہ طیارہ نہ صرف چین کی فضائی طاقت کو مضبوط کر رہا ہے بلکہ عالمی منڈی میں چینی ہتھیاروں کی برآمدات کو بھی نئی جہت دے رہا ہے۔