چین کی یان تائی بندرگاہ سے افریقہ کے لیے جنرل کارگو کی ترسیل میں نمایاں اضافہ

Sea port Sea port

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

چین کی مشرقی بندرگاہ یان تائی سے افریقہ کے لیے جنرل کارگو کی سالانہ ترسیل میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شانڈونگ صوبے کی اس بندرگاہ سے اس سال 6 ملین ٹن سے زیادہ کارگو افریقہ بھیجا جا چکا ہے، جو گزشتہ سال کی مجموعی ترسیل سے 66.1 فیصد زیادہ ہے ۔ اس اضافے کی ایک بڑی وجہ یان تائی بندرگاہ کی جانب سے افریقہ کے لیے چار نئے سمندری راستوں کا آغاز ہے، جن میں الجزائر، ڈاکار، نمیبیا اور جبوتی کے لیے براہ راست خدمات شامل ہیں ۔ اس توسیع نے بندرگاہ کو “چین-افریقہ لاجسٹکس گولڈن کوریڈور” کا اہم مرکز بنا دیا ہے۔ ترسیل میں اضافے کا ایک اور اہم عنصر چین اور افریقہ کے درمیان “باکسائٹ-جنرل کارگو” کے دو طرفہ تجارتی ماڈل کی کامیابی ہے۔ یان تائی بندرگاہ افریقہ سے باکسائٹ (ایلومینیم کی تیاری کا خام مال) لاتی ہے اور واپسی کے سفر میں اپنے بحری جہازوں کے خالی ڈیک کو چینی مشینری، گاڑیاں، تعمیراتی سامان اور کھادوں سے بھرتی ہے ۔ اس ماڈل کے تحت جنوری سے جولائی تک 4.48 ملین ٹن کارگو کی ترسیل ہوئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 23.5 فیصد زیادہ ہے ۔ افریقہ کی تیز رفتار صنعتی ترقی اور شہری منصوبوں کے لیے چینی مشینری، تعمیراتی سامان اور گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ نے اس تجارتی راستے کو فروغ دیا ہے ۔ بندرگاہ پر جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کارگو کی لوڈنگ اور شیڈولنگ کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں ۔