اسلام آباد کی جانب مارچ کے پیشِ نظر شہریوں کو شدید ٹریفک مشکلات
اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجی اعلان کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ ٹی ایل پی نے دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے شہر کے مختلف داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا ہے۔ شہر میں داخل ہونے والے اہم مقامات، خصوصاً فیض آباد، ترنول، اور روات کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور دفاتر جانے والے افراد کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ممکنہ احتجاج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ادھر موبائل ڈیٹا سروس بھی متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو انٹرنیٹ استعمال کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں احتیاطی طور پر چھٹی دے دی گئی ہے تاکہ طلبہ کو کسی ہنگامی صورت حال میں نقصان نہ ہو۔ اسلام آباد انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی الرٹ نافذ ہے۔