اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

“فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بزنس کمیونٹی کی جانب سے مبارکباد:”

"فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بزنس کمیونٹی کی جانب سے مبارکباد:"

 

اسلام آباد (صدائے روس)

 

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعزازی عہدے پر ترقی دیے جانے پر پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ممتاز صنعتکار اور پنجاب کے وزیرِ صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اس تاریخی موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

“میں پوری بزنس کمیونٹی کی جانب سے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ اعزاز ان کی قومی خدمات، مثالی عسکری قیادت اور دشمن کے خلاف جرأت مندانہ دفاع کا اعتراف ہے۔”

ایس ایم تنویر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بنا دیا ہے، اور اب ملک کی بزنس کمیونٹی یہ عزم کرتی ہے کہ ہم پاکستان کو معاشی اور تجارتی لحاظ سے بھی ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح ہماری فوج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، اسی طرح بزنس کمیونٹی پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا:

“ان شاء اللہ، پاکستان کا معاشی دفاع بھی اتنا ہی ناقابلِ تسخیر ہوگا جتنا اس کا عسکری دفاع ہے۔”

ادھر یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی بے مثال قیادت، حب الوطنی اور قومی خدمات کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا:

“فیلڈ مارشل کا ٹائٹل صرف ایک درجہ نہیں بلکہ ایک عہد ہے، جو جنرل عاصم منیر جیسے بہادر اور مخلص سپاہی کو ہی زیب دیتا ہے۔ انہوں نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور دفاعی سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔”

یہ بیانات اس بات کا مظہر ہیں کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قومی اتحاد، یکجہتی اور ترقی کے سفر میں تمام طبقات کا یہی مشترکہ جذبہ ملک کو مضبوط تر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

ایس ایم تنویر اور بزنس لیڈرز کے یہ جذبات واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کا روشن مستقبل صرف عسکری میدان میں نہیں بلکہ معاشی میدان میں بھی عظمت کی نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے اور یہی قومی خواب ہے۔

Share it :