اسلام آباد، راولپنڈی میں مسلسل بارش، خطرے کے سائرن بج گئے، فوج طلب
اسلام آباد(صداۓ روس)
راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش نے شہری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں اب تک 186 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ نالہ لئی میں گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ جبکہ کٹاریاں میں 22 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور نشیبی علاقوں میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ گلیوں، بازاروں اور اندرون شہر کی متعدد سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن چیمہ نے شدید موسمی حالات کے پیش نظر ضلع میں ایک دن کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
ادھر واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ ایم ڈی واسا نے پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹا جا سکے۔ مساجد میں مسلسل اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، کیونکہ شدید بارش کے باعث ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ نالہ لئی کے اطراف آبادیوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے چند گھنٹے نہایت اہم ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے اور انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔