کریمیا روس کا حصہ رہے گا، ڈونلڈ ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کریمیا ہمیشہ روس کے ساتھ ہی رہے گا اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی اس حقیقت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بیان امریکی جریدے ٹائم میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دیا، جس میں ان کا کہنا تھا کریمیا روس کے پاس ہی رہے گا، اور زیلنسکی کو یہ بات معلوم ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ سبھی جانتے ہیں کہ کریمیا طویل عرصے سے روس کا حصہ ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ “اکثریت وہاں روسی زبان بولتی ہے، جس سے علاقے کی وابستگی واضح ہوتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دونیسک، لوگانسک، زاپوروزیا اور خیرسن جیسے متنازعہ علاقوں کو بھی روس کا حصہ تسلیم کرتے ہیں تو ٹرمپ نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا ہمیں صرف کریمیا پر بات کرنی چاہیے، کیونکہ ہمیشہ اسی کا ذکر ہوتا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب یوکرین اور روس کے درمیان جنگی صورتحال بدستور جاری ہے، اور امریکہ سمیت مغربی ممالک ان علاقوں کی روسی الحاق کو تسلیم نہیں کرتے۔ ان کے اس تبصرے کو مغربی پالیسی حلقوں میں متنازعہ اور یوکرینی خودمختاری کے خلاف سمجھا جا رہا ہے، جبکہ روسی حلقوں نے اسے زمینی حقائق کی تائید قرار دیا ہے۔