لاہور ٹریفک پولیس کا حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ

LAHORE TRAFFIC LAHORE TRAFFIC

لاہور (صداۓ روس)

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ مہلک، غیر مہلک حادثات اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ میں ملوث ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ایسے ڈرائیور جن کی غفلت یا لاپرواہی سے حادثات ہوں گے، ان کے ڈرائیونگ لائسنس قانون کے مطابق کم از کم چھ ماہ سے تین سال تک کے لیے معطل کیے جا سکیں گے۔ مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس کی بحالی متعلقہ عدالت کے حکم سے مشروط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈرائیور لائسنس کی معطلی کے باوجود گاڑی چلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار پر قابو رکھیں اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو اپنی عادت بنائیں۔