امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 129 ہوگئی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 129 ہو گئی ہے، امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں بتایا۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان کَر کاؤنٹی میں ہوا ہے جہاں 103 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 36 بچے بھی شامل ہیں۔ جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس سے قبل 6 جولائی کو صدر ٹرمپ نے کَر کاؤنٹی میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارے مقامی حکام کی سیلاب کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اس سے قبل اتنا شدید سیلاب ستمبر 2024 میں آیا تھا، جب فلوریڈا، جارجیا، نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا میں طوفان کے باعث دریاؤں میں طغیانی آئی تھی، جس کے نتیجے میں 230 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔