9 دسمبر: روس میں یومِ ہیروئے وطن بھرپور عقیدت سے منایا جانے والا دن

Russian Day Russian Day

9 دسمبر: روس میں یومِ ہیروئے وطن بھرپور عقیدت سے منایا جانے والا دن

ماسکو(صداۓ روس)

آج پورے روس میں یومِ ہیروئے وطن (День Героев Отечества) انتہائی جذبۂ وطن پرستی اور فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ان تمام بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی بازی لگا کر وطن کی آزادی، خودمختاری اور عزت کی حفاظت کی۔ اس موقع پر ہیرو آف دی سوویت یونین، ہیرو آف دی روسی فیڈریشن، آرڈر آف سینٹ جارج اور آرڈر آف گلوری کے تمام حامل افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ ان کی بے مثال بہادری اور کارنامے روسی قوم کی تاریخ کے سنہری اور ناقابلِ فراموش صفحات میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ یہ تاریخ سینٹ جارج کے نام سے منسوب ہے۔ بالکل 256 سال پہلے، 9 دسمبر 1769 کو روسی شہنشاہہ کیتھرین دوم نے سب سے اعلیٰ فوجی ایوارڈ “آرڈر آف سینٹ جارج” قائم کیا تھا، جو میدانِ جنگ میں غیر معمولی بہادری دکھانے والوں کو عطا کیا جاتا تھا۔ اس اعزاز سے دس ہزار سے زائد افراد نوازے گئے۔ 1807 میں نچلے رینک کے فوجیوں اور افسروں کے لیے “سینٹ جارج کراس” متعارف کرایا گیا، جو جلد ہی سب سے معزز اور محبوب جنگی اعزاز بن گیا۔ سوویت دور میں 16 اپریل 1934 کو “ہیرو آف دی سوویت یونین” کا خطاب قائم ہوا، جو ریاستی اور معاشرتی خدمات میں نمایاں کارنامے انجام دینے والوں کو دیا جاتا تھا۔ اس اعزاز سے آٹھ سوویت سفارت کار بھی نوازے گئے، جبکہ کئی افراد کو تینوں درجوں کا آرڈر آف گلوری ملا۔

Advertisement

1992 میں روسی فیڈریشن نے “ہیرو آف دی روسی فیڈریشن” کا خطاب متعارف کرایا۔ تب سے اب تک تقریباً 1500 افراد کو یہ اعزاز دیا جا چکا ہے، جن میں ترکی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے روسی سفیر آندرے کارلوف اور خصوصی فوجی آپریشن میں حصہ لینے والے بہادر فوجی بھی شامل ہیں۔ 2000 میں صدر کے حکم نامے سے آرڈر آف سینٹ جارج کو دوبارہ بحال کیا گیا، جو آج بھی روس کا سب سے اعلیٰ فوجی اعزاز ہے۔ صدر ولادیمیر پوتن نے گزشتہ سال 8 دسمبر 2023 کو ہیرو آف رشیا کو گولڈ سٹار میڈلز دینے کی تقریب میں کہا تھا عوامی یادداشت وقت کے سامنے ناقابلِ تسخیر ہے۔ ہم نسلوں سے نسلوں تک اپنے ہیروؤں کی بہادری اور قربانیوں پر فخراجِ تحسین پیش کرتے آئے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی آزادی اور خودمختاری کے لیے سینہ سپر ہو کر تاریخ رقم کی۔ آج کریملن، ریڈ سکوائر، سینٹ پیٹرزبرگ اور ولادی ووستوک سمیت پورے ملک میں یادگاری تقریبات، پریڈز اور پھول چڑھانے کی رسمیں منعقد ہو رہی ہیں۔ نامعلوم سپاہی کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، جبکہ اسکولوں، فوجی یونٹس اور عوامی مقامات پر خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔