کرغزستان میں سڑکوں کی دیکھ بھال کے لیے منفرد ٹیکس متعارف کرانے کا فیصلہ
بشکیک (صداۓ روس)
کرغزستان کی ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی وزارت نے ملک میں سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے فیس متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ نان ٹیکس ریونیو کے ضابطہ میں ترامیم عوامی بحث کے لیے پیش کی گئیں۔ کرغزستان میں سڑکوں کی کل لمبائی ٣٤٠٠٠ کلومیٹر ہے، جن میں سے ١٩٨٤٠ کلومیٹر عوامی سڑکیں ہیں جو ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی وزارت کے دائرہ اختیار میں ہیں۔ یہ سڑکیں مسافروں کی آمدورفت کا تقریباً ٩٨ فیصد اور مال بردار ٹریفک کے ٩٦ فیصد سے زیادہ کا بوجھ سنبھالتی ہیں. اس قدر مصروف ٹریفک کی وجہ سے سڑک کی سطح ہر سال خراب ہوتی جاتی ہے، جس کے لیے مٹیریل، آلات، ایندھن اور مشینری میں مسلسل رقم خرچ کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ مزدوروں کی اجرت کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں.
وزارت کے مطابق اس صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اصلاحات کے طور پر ایک روڈ فنڈ بنایا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد سڑک کی صنعت کی مالی اعانت کے لیے آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرغزستان کی حکومت نے شہریوں سے ہر کلومیٹر کے حساب سے روڈ ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا ہے. جس کا مقصد ملک میں موجودہ سڑکوں کے جال کے میعار کو برقرار رکھا جا سکے.
درحقیقت قومی بجٹ سے سڑکوں کی دیکھ بھال و مرمت کے لئے تقریباً ٢ بلین سومس مختص کیے گئے ہیں، جو کہ تقریباً ١٠٠ سوم فی ١ کلومیٹر سڑک کے مطابق ہے، جو سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے تقریباً کچھ بھی نہیں ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ نے عوامی سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے فیس متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس میں گیس اسٹیشنوں پر ہر لیٹر ایندھن کے لیے فیس وصول کرنا شامل ہوگا۔ یہ ان ممالک کا رواج ہے جہاں (جو زیادہ گاڑی چلاتا ہے، زیادہ ادائیگی کرتا ہے) کے اصول پر عمل کیا جاتا ہے۔
تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ شہریوں کو کتنی رقم ادا کرنی پڑے گی۔ سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے فیس کی وصولی کے طریقہ کار کو وزراء کی کابینہ کی ایک قرارداد کے ذریعے الگ سے منظور کیا جائے گا۔