پنجاب میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس کے آغاز کا فیصلہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں میت اسپتال سے گھر پہنچانے کے لیے مفت ایمبولینس سروس کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز نے بڑے سرکاری اسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا۔ پنجاب کی ہر تحصیل میں اسپتال سے گھر میت لے جانے کے لیے کم از کم 1 وین میسر ہوگی، مرحوم کے اہل خانہ 1122پر کال کر کے یا اسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے۔ میت منتقلی سروس کی اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، میت کو اسپتال سے دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائے گی۔ اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولائز کرنے پر اتفاق ہوا جبکہ پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ بھی مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔