پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چودہ سال کے طویل وقفے کے بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ بنگلادیش کی قومی ایئرلائن کی پہلی براہِ راست پرواز ڈھاکا سے کراچی پہنچ گئی، جو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ کراچی ایئرپورٹ پر بنگلادیشی پرواز کی آمد پر واٹر سلوٹ پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔ یہ پرواز ڈھاکا سے براہِ راست کراچی پہنچی اور اس کا دورانیہ تقریباً تین گھنٹے رہا۔ حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ڈھاکا اور کراچی کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی، جو جمعرات اور ہفتہ کے روز آپریٹ ہوں گی۔ براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سفارتی اور عوامی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہِ راست پروازیں 14 سال قبل معطل کر دی گئی تھیں، جن کی بحالی سے کاروباری برادری، سیاحوں اور دونوں ممالک میں مقیم افراد کو نمایاں سہولت حاصل ہو گی۔