ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بنگلہ دیش میں ایک البینو بھینسا، جسے اس کے منفرد سنہری بالوں کی وجہ سے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا نام دیا گیا تھا، عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربان نہیں کیا جا سکا۔ حکومت نے آخری وقت میں مداخلت کرتے ہوئے اس کی قربانی روک دی۔ بنگلہ دیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بدھ کو بتایا کہ تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو پہلے ہی قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم عوامی دلچسپی اور سکیورٹی خدشات کے باعث حکومت نے مداخلت کی۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے حکم دیا کہ بھینسے کی قربانی نہ کی جائے، خریدار کو رقم واپس کی جائے اور جانور کو ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا جائے۔ یہ بھینسا سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوا تھا اور لوگ اسے دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوتے تھے۔