ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن قائم کرکے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں، وہ حقیقی معنوں میں امن کے علمبردار ہیں۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک اہم اور تاریخی دن ہے، کیونکہ انتھک سفارتی کوششوں کے بعد غزہ میں جنگ بندی اور امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا ہے، کیونکہ انہوں نے نہ صرف امن قائم کیا بلکہ لاکھوں معصوم انسانوں کی زندگیاں بھی بچائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں عالمی سطح پر امن کے نئے دروازے کھلے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے امیرِ قطر کی ثابت قدم قیادت، مؤثر سفارت کاری اور غزہ بحران کے منصفانہ حل کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔

Advertisement

دوسری جانب امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے۔ معاہدے کی دستخطی تقریب شرم الشیخ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف بھی شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’آج پوری دنیا کے لیے ایک عظیم دن ہے، یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی بنیاد رکھے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’دوست ملکوں کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔‘‘