اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف، فوڈ اتھارٹی کی کارروائی
اسلام آباد(صداۓ روس)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے ترنول میں گدھے کا گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی شہری مذکورہ فارم ہاؤس میں گدھوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت فروخت کر رہا تھا، جہاں سے کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں زندہ گدھے اور ذبیحہ گدھوں کا گوشت برآمد ہوا۔
فوڈ اتھارٹی حکام نے موقع پر ہی گدھوں کا گوشت تلف کر دیا جبکہ تمام زندہ گدھوں کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی تاکہ کسی قسم کی مزاحمت یا ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ حکام کے مطابق گوشت فروخت کرنے والے غیر ملکی شہری کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ عوامی حلقوں میں اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔