راولپنڈی میں ای چالان سسٹم کا باضابطہ آغاز، سیف سٹی منصوبہ فعال

Rawalpindi Rawalpindi

راولپنڈی میں ای چالان سسٹم کا باضابطہ آغاز، سیف سٹی منصوبہ فعال

اسلام آباد (صداۓ روس)
راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبے کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں ای چالان سسٹم کا استعمال شروع ہو گیا ہے۔ چیف ٹریفک افسر راولپنڈی فرحان اسلم کے مطابق، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ سی ٹی او نے بتایا کہ شہر بھر میں 359 مقامات پر 2 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ہیلمٹ نہ پہننے، سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی، سگنل توڑنے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر ای چالان جاری کیا جائے گا۔ ای چالان کی تفصیلات، تصاویر اور کوڈ کے ساتھ گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کے گھر کے پتے پر بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ای چالان سسٹم کو سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر لاء انفورسمنٹ کو بھی مؤثر بنایا جائے گا۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ کیمرہ سسٹم فعال ہونے سے شہر میں ٹریفک انتظامات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Advertisement