خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں جشن، محافلِ میلاد اور چراغاں

Eid Milad un Nabi

عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں جشن، محافلِ میلاد اور چراغاں

اسلام آباد (صداۓ روس)
رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر آج ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس دن کی مناسبت سے شہروں، قصبوں اور دیہات میں جلوس، محافلِ میلاد، نعت خوانی کی محافل اور محفلِ ذکر کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ مساجد، مدارس اور گھروں میں روشنیوں اور سبز جھنڈیوں سے سجاوٹ کی گئی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے منور کیا گیا ہے۔ بڑے شہروں میں مرکزی جلوسوں کے راستوں پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ محافل میں علما و مشائخ رسول اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈال رہے ہیں، جبکہ نعت خواں اپنی خوبصورت آواز میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ عوام الناس کی بڑی تعداد، بشمول خواتین اور بچوں، ان پروگراموں میں شریک ہو رہی ہے۔ اسی دوران فلاحی تنظیموں نے مختلف شہروں میں نیاز اور لنگر کا خصوصی اہتمام بھی کیا ہے، جہاں زائرین اور مستحق افراد کو کھانا پیش کیا جا رہا ہے۔ ملک کے طول و عرض میں جشنِ میلاد کی فضا قائم ہے اور ہر طرف درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

شئیر کریں: ۔