ایلون مسک کے والد نے ماسکو کو دنیا کا سب سے خوبصورت دارالحکومت قرار دے دیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی ارب پتی اور صنعتکار ایلون مسک کے والد ای رول مسک نے روسی دارالحکومت ماسکو کو دنیا کا سب سے خوبصورت شہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے 3 نومبر کو روسی اخبار ازویستیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ماسکو بلاشبہ دنیا کا سب سے خوبصورت دارالحکومت ہے — صرف تھوڑا نہیں بلکہ چار گنا زیادہ۔” ای رول مسک نے کہا کہ روس کے پاس فخر کرنے اور اپنی حفاظت کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے طویل عرصے سے ایسے باادب اور مہذب نوجوان نہیں دیکھے جیسے روس میں ہیں۔ ان کے بقول، “آپ نہیں چاہیں گے کہ مغرب میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ روس میں بھی ہو۔” اس سے قبل 30 اکتوبر کو ای رول مسک نے کہا تھا کہ وہ روسی شہریت حاصل کر کے خوش ہوں گے اور اسے اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھیں گے۔ اس سے پہلے 23 اگست کو انہوں نے ماسکو کو “ایک شاندار شہر” قرار دیتے ہوئے روسیوں کی اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی تھی۔