یورپی یونین کا روسی گیس کی خریداری پر 2028 سے مکمل پابندی کا فیصلہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یورپی کونسل نے یورپی کمیشن کی اس تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت یکم جنوری 2028 سے روسی قدرتی گیس کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ “آج کونسل نے روسی قدرتی گیس کی درآمدات کو بتدریج ختم کرنے کے مجوزہ ضابطے پر اپنا موقف طے کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ روس سے پائپ لائن کے ذریعے آنے والی گیس کے ساتھ ساتھ مائع قدرتی گیس (LNG) کی خریداری پر بھی لاگو ہوگا۔”
بیان کے مطابق، یہ پابندی مختلف مراحل میں نافذ کی جائے گی اور مکمل نفاذ کی تاریخ یکم جنوری 2028 مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، اس فیصلے کے مؤثر ہونے کے لیے اسے اب یورپی پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہوگی، جو اس معاملے پر مزید سخت موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ پارلیمنٹ کا مطالبہ ہے کہ روسی گیس کی درآمدات ایک سال پہلے یعنی یکم جنوری 2027 سے ہی ختم کر دی جائیں۔ دستاویز کے مطابق، نئے معاہدوں پر یکم جنوری 2026 سے پابندی ہوگی۔ البتہ 17 جون 2025 سے پہلے کیے گئے قلیل مدتی معاہدے 17 جون 2026 تک اور طویل مدتی معاہدے یکم جنوری 2028 تک جاری رہ سکیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تجویز یورپی یونین کی تجارتی پالیسی کے تحت پیش کی گئی ہے، نہ کہ روس کے خلاف پابندیوں کے فریم ورک میں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رکن ممالک کے ویٹو اختیارات ختم ہو چکے ہیں اور فیصلہ اکثریتی ووٹ سے کیا گیا، جس کی بدولت ہنگری اور سلوواکیہ کی مخالفت کو نظرانداز کر دیا گیا۔ یورپی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی مستقل نوعیت کی ہوگی اور اس کا اطلاق یوکرین تنازعے کے خاتمے سے قطع نظر جاری رہے گا۔