لاہور اور کراچی دنیا کے 5 آلودہ ترین شہروں میں شامل، نئی دہلی بدستور سرفہرست
اسلام آباد (صداۓ روس)
بین الاقوامی ماحولیاتی مانیٹرنگ پلیٹ فارم آئی کیو ایئر کے مطابق، لاہور اور کراچی ایک مرتبہ پھر دنیا کے پانچ سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شامل ہوگئے ہیں، جب کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی آلودگی کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق، لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ معیار سے 31 گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی، جب کہ کراچی میں یہ سطح 20 گنا بڑھ چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق صنعتی اخراج، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانا اور ہوا کی کم نقل و حرکت اس بڑھتی ہوئی آلودگی کی بڑی وجوہات ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک اور ایئر پیوریفائر کا استعمال کریں اور کھڑکیاں بند رکھیں۔