یورپی یونین کے آئندہ بجٹ کے لیے نئے ٹیکسوں سے اربوں یورو آمدنی کا تخمینہ

Danuše Nerudová Danuše Nerudová

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے تجویز کردہ ڈیجیٹل ٹیکس یورپی یونین کے آئندہ طویل مدتی بجٹ کے لیے سالانہ 25 ارب یورو تک آمدنی فراہم کرسکتا ہے، جو یورپی کمیشن کے ابتدائی تخمینے سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار یورپی پارلیمنٹ کی رکن اور اس معاملے میں اہم مذاکرات کار دانوژے نیرو دووا کی جانب سے یورونیوز کو فراہم کیے گئے تخمینوں میں سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق آن لائن جوئے، ڈیجیٹل خدمات اور کرپٹو اثاثوں پر یورپی سطح پر ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز سے یورپی یونین کے بجٹ کے لیے اضافی آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ دانوژے نیرو دووا نے کہا کہ یورپی یونین کو مشترکہ قرض کی ادائیگی اور بجٹ کی نئی ترجیحات کے لیے نئے آمدنی کے ذرائع درکار ہیں۔ ان کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے مجوزہ ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی ممکنہ آمدنی کا جائزہ لیا ہے جس کے نتائج یورپی کمیشن کے تخمینوں سے نمایاں طور پر مختلف ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ کے تخمینے کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکس سے سالانہ زیادہ سے زیادہ 25.2 ارب یورو حاصل ہوسکتے ہیں، جبکہ یورپی کمیشن نے اس سے قبل اس آمدنی کا تخمینہ تقریباً 5 ارب یورو لگایا تھا۔ نیرو دووا کے مطابق پارلیمنٹ نے ٹیکس کے لیے زیادہ وسیع دائرہ کار کو مدنظر رکھا ہے، جس میں آن لائن تشہیر اور ثالثی کی خدمات کے علاوہ نشریاتی مواد اور اعداد و شمار کی پراسیسنگ جیسی ڈیجیٹل خدمات بھی شامل ہیں۔ پارلیمنٹ کی تجویز میں ٹیکس کی شرح 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے کی بھی تجویز ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک میں سے بعض نے جغرافیائی سیاسی خدشات کے باعث ڈیجیٹل ٹیکس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان ممالک کو خدشہ ہے کہ امریکی حکومت اس اقدام کے ردعمل میں یورپی مصنوعات پر نئی تجارتی پابندیاں یا محصولات عائد کرسکتی ہے۔

نیرو دووا نے اس خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں کاروبار کررہی ہیں لیکن ان کی جانب سے مناسب حصہ ادا نہ کیے جانے کا مسئلہ پہلے ہی موجود ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکس ایسی کمپنیوں سے آمدنی حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ آن لائن جوئے پر ٹیکس سے متعلق پارلیمنٹ کا تخمینہ 3.9 ارب یورو ہے، جو کمیشن کے 1.9 ارب یورو کے تخمینے سے دگنے سے زیادہ ہے۔ اسی طرح کرپٹو اثاثوں پر منافع کے ٹیکس سے سالانہ 3 ارب یورو حاصل ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے، جبکہ کمیشن نے اس کی آمدنی 2.4 ارب یورو رہنے کا تخمینہ پیش کیا تھا۔ آن لائن جوئے پر ٹیکس کی تجویز کو مالٹا کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا ہے، جہاں متعدد آن لائن جوئے اور سٹے بازی کی کمپنیوں کے یورپی صدر دفاتر قائم ہیں۔ کرپٹو اثاثوں پر منافع کے ٹیکس کو عمومی طور پر قابل قبول سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کے نفاذ کو مشکل قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس سے بچنے کے امکانات اور کرپٹو مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا مسئلہ موجود ہے۔
دانوژے نیرو دووا کے مطابق 2028 میں نئے بجٹ دور کے آغاز تک مجوزہ ٹیکس نافذ کرنے کے حوالے سے مذاکرات پہلے ہی مقررہ شیڈول سے پیچھے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ کرپٹو اثاثوں پر ٹیکس کے مقابلے میں ڈیجیٹل ٹیکس کو یورپی یونین کی سطح پر نافذ کرنا نسبتاً آسان ہوگا۔